ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / سنئیر کانگریسی رہنما روشن بیگ کا اب قومی سیاست میں قدم رکھنے کا فیصلہ؛ بنگلور سنٹرل لوک سبھا حلقے سے اُمیدوار بننا طئے

سنئیر کانگریسی رہنما روشن بیگ کا اب قومی سیاست میں قدم رکھنے کا فیصلہ؛ بنگلور سنٹرل لوک سبھا حلقے سے اُمیدوار بننا طئے

Sat, 22 Dec 2018 20:23:23    S.O. News Service

بنگلورو۔22؍دسمبر(ایس او  نیوز) سینئر کانگریس لیڈر اور رکن اسمبلی جناب روشن بیگ نے کہا ہے کہ آنے والے لوک سبھاانتخابات میں شہر کے بنگلور سنٹرل لوک سبھا حلقے سے ان کا کانگریس امیدوار بننا تقریباً طے ہے۔ اس حلقے سے انتخابات کی تیاریوں میں وہ ابھی سے لگ گئے ہیں۔ آج کیمپے گوڈا انٹرنیشنل ایرپورٹ پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے ریاستی کابینہ کی توسیع کے متعلق ردعمل ظاہر کرتے ہوئے واضح کیاکہ وہ ریاستی وزارت کے دعویداروں میں سے نہیں تھے، اسی لئے وزارت نہ ملنے کا انہیں کوئی ملال نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ شروع سے ہی ان کی یہ کوشش رہی ہے کہ بنگلور سنٹر پارلیمانی حلقے سے قومی سیاست میں قدم رکھیں اور قومی سطح پر مسلمانوں کی نمائندگی کا جو خلاء پیدا ہوا ہے، اسے حتی الامکان پر کرنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہاکہ آنے والے پارلیمانی انتخابات ملک کے جمہوری نظام میں سیکولر طاقتوں کے لئے ایک بہت بڑا متحان ثابت ہوں گے، اس امتحان میں سیکولر طاقتوں کو کامیاب بنانے کے لئے ابھی سے اقلیتوں ، دلتوں ، پسماندہ طبقات اور دیگر مظلوم اقوام کو متحد ومتفق ہوکر جدوجہد کرنی چاہئے۔ اسی جذبے کو اپنا کر وہ سماج کے کمزور طبقوں کو ایک پلیٹ فارم پر لانے اور ان کے حقوق کی باز یابی کے لئے ان کی آواز بن کر ابھریں ہیں اوروہ اسی کوشش میں لگے ہوئے ہیں۔

بنگلور سنٹرل لوک سبھا حلقے سے اپنی کامیابی کا پورا یقین ظاہر کرتے ہوئے جناب روشن بیگ نے کہاہے کہ کانگریس پارٹی کی سیکولر بنیادوں اور ملک کو ترقی کی جانب لے جانے کے عزائم سے اپنے حلقے کے عوام کو واقف کرانے کے ساتھ پچھلے پانچ سالوں کے دوران مرکزکی مودی حکومت نے جس طرح ملک کو تنزلی کے دہانے پر لاکر کھڑا کردیاہے، یہ حقائق حالانکہ عوام جانتے ہیں اس کے باوجود بھی ان کے کرتوتوں کو عوام کے سامنے رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی معیشت  پوری طرح  تباہ ہوگئی ہے اس سے عام آدمی کا جینا دوبھر ہوچکا ہے۔ مہنگائی تھمنے کا نام نہیں لے رہی ہے۔اشیائے ضروریہ کی قیمتیں ہر دن ایک نئی بلندی سر کررہی ہیں۔ ان حالات میں عوام کسی بھی حال میں دوبارہ بی جے پی کو ووٹ دینے کی حماقت نہیں کریں گے۔ اس کے علاوہ بنگلور سنٹرل حلقے سے پچھلے دس سالوں سے نمائندہ بن کر لوک سبھا میں اس حلقے سے جڑے ایک بھی مسئلے پر آواز اٹھانے میں ناکام موجودہ رکن پارلیمان سے بھی لوگ نا خوش ہیں۔ لوگوں کی ناراضی کو وہ اپنے لئے فال نیک سمجھتے ہیں۔ اسی بنیاد پر انہیں یقین ہے کہ بلالحاظ مذہب یا ذات پات تمام طبقوں سے وابستہ لوگ اس مرتبہ کانگریس کا ساتھ دیں گے اور کانگریس اعلیٰ کمان کی ہدایت کے مطابق بنگلور سنٹرل پارلیمانی حلقے میں پارٹی امیدوار کے طور پر نہ صرف وہ شہر بنگلور میں کانگریس کی پارلیمان تک واپسی بحال کرنے کی کوشش کریں گے بلکہ انہیں یقین ہے کہ اس کوشش میں انہیں کامیابی بھی ملے گی۔ 


Share: